یوسف رضا گیلانی کی ماہِ ربیع الاول کی آمد پر امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد

 اسلام آباد (ویب ڈیسک)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ماہِ ربیع الاول کی آمد پر امتِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ربیع الاول اسلامی تاریخ کا نہایت بابرکت، مقدس اور عظمت والا مہینہ ہے، اس ماہِ مبارک کو نبی کریم حضرت محمد ؐ کی ولادتِ باسعادت سے نسبت حاصل ہے جن کی بعثت پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت، محبت، امن، صبر اور بھائی چارے کا پیغام لے کر آئی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی اکرم ؐ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے،آپ ؐ نے انسانیت کو عدل و انصاف، مساوات، برداشت، رواداری، صبر، اخوت، رحم دلی اور دوسروں کے حقوق کے احترام کا درس دیا،ماہِ ربیع الاول ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو تعلیماتِ نبوی ؐکے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، اخوت، باہمی احترام، صبر اور برداشت کے فروغ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ہمیں نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگاجبکہ باہمی اختلافات کو افہام و تفہیم، حکمت اور مکالمے کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماہِ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر ہمیں اپنے اردگرد موجود غریب، نادار، مستحق اور حاجت مند افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات ہمیں انسانیت کی خدمت، ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرے کے کمزور طبقات کا خیال رکھنے کا درس دیتی ہیں، ہمیں اس موقع پر یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور قومی یکجہتی و اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، امن اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء  قوم کے محسن ہیں، ماہِ ربیع الاول کے بابرکت موقع پر شہداء  کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و اجر کی خصوصی دعا کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ماہِ ربیع الاول کی برکت سے پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کو امن، ترقی، خوشحالی، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے، عالمِ اسلام کو درپیش مشکلات و مصائب کا خاتمہ فرمائے، پاکستان کو ہر قسم کے بحرانوں اور مشکلات سے محفوظ رکھے اور ہمیں نبی کریم حضرت محمد ؐ کی سیرتِ مبارکہ اور اسوہؐحسنہ پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *