چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان کی بقا، ترقی و خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے، مصطفی کمال

کراچی(ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عوام کو حقیقی آزادی کے ثمرات حاصل نہیں ہوسکے، ملک کی بقا، ترقی اور خوشحالی کے لیے چھوٹے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، پاکستان کو چلانے والوں کو بھی احساس ہوگیا ہے کہ ملک موجودہ طرز پر نہیں چل سکتا، جو حل کراچی اور سندھ کے مسائل کا ہے وہی پاکستان کے مسائل کا حل بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ بہادرآباد میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے پاس اپنی گلی محلوں تک کا اختیار نہیں، اگر کسی باپ کی آنکھوں کے سامنے اس کا جیتا جاگتا بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہوجائے تو بھی ہم کچھ نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کوٹے پر جعلی ڈومیسائل بنا کر نوکریاں فروخت کردی جاتی ہیں لیکن ہم بے اختیار ہیں۔ کراچی سندھ کی آبادی کا 38 فیصد ہے، اس کے باوجود اگر پورا کراچی کسی حکمران کو ایک ووٹ بھی نہ دے تو بھی صوبائی حکومت کی تبدیلی میں کراچی کا فیصلہ کن کردار نہیں ہوتا۔مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے انتظامی اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے اور چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ ان شاءاللہ اگلے جشنِ آزادی تک ہم حقیقی طور پر آزاد ہوچکے ہوں گے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کراچی پاکستان بنانے اور اسے چلانے والوں کی اولادوں کا شہر ہے۔ پاکستان کے قیام کے لیے ہمارے آباو ¿ اجداد نے اپنے گھر، جائیدادیں اور بزرگوں کی قبریں چھوڑیں۔ ہجرت کرنے والے لٹے پٹے نہیں بلکہ پاکستان بنانے کے عزم اور اپنے وسائل کے ساتھ یہاں آئے تھے۔ انہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا۔انہوں نے کراچی کے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے متحد ہوں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ صوبہ بنانے کے بعد عوام جسے چاہیں ووٹ دیں، تاہم موجودہ حالات میں کراچی کے حقوق کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ بھرپور انداز میں کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے 5 اسٹار چورنگی پر کراچی کی سب سے بڑی پروقار جشنِ آزادی کی تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی، انچارج سی او سی فرقان اطیب، مرکزی رہنما شاکر علی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *