پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں،بلوچستان کا امن و ترقی سبوتاژ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائیگی،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی پارلیمانی لیڈر وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ

کوئٹہ( ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان لازم و ملزوم ہیں،بلوچستان کا امن و ترقی سبوتاژ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائیگی، بانیان پاکستان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے، یوم آزادی کا دن ہمیں اْن عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں ہمیں ایک آزاد وطن، پاکستان، نصیب ہوا، یہ آزادی ہمارے بزرگوں کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم کا ثمر ہے۔ یہ بات انہوں نے 79ویں جشن آزادی کی مناسبت سے کھوسہ ہاؤس صحبت پور میں منعقد تقریب اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ بانیان پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلئے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، ترقی یافتہ اور باوقار ملک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بناتے ہوئے ملکی ترقی اور استحکام کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں اس یومِ آزادی پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کریں اور اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔میر سلیم کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں چند عناصر اگرچہ صوبے کے امن و ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن قوم اور بلوچستان کے غیور عوام اپنی حکومت اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہو کر ان عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے عوام کی تر قی اور مسائل کے حل کے لیے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے جلد ہی عوام کو ان کے مسائل دہلیز پر حل ہوتے ہوئے نظر آئیں گے اور بلوچستان ترقی کی منازل طے کریگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور بلوچستان کے عوام کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں، شہداء، غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور قوم کی بے لوث خدمات نے پاکستان کی استقامت مضبوط کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *