آزادی محض ایک دن منانے کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے، وطن سے وفاداری کا عہد کرنے اور آنے والی نسلوں کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانے کا موقع ہے،نظیر احمد سلاچی

سیوی (این این آئی)تلی میں جشنِ آزادی کی شاندار ریلی، طلبہ اور اساتذہ کا والہانہ قومی جذبہ، ریلی اسکول سے مین شاہراہ تک نکالی گئی، سبی میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فلیک مارچ ریلی، مختلف شاہراوں کا گشت، جشن آزادی کو شایان شان سے منایا جائے گا، شہریوں کے تاثر تفصیلات کے مطابق سیوی کے علاقے تلی گاؤں میں جشنِ آزادی کی خوشیاں عروج پر پہنچ گئیں، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تلی کے طلبہ، اساتذہ اور علاقہ معتبرین نے یومِ آزادی کی مناسبت سے شاندار ریلی نکالی۔ ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم، لبوں پر ملی نعرے اور دلوں میں وطن کی محبت لیے شرکاء نے قومی یکجہتی اور آزادی کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تلی سے نکلنے والی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مین روڈ پر پہنچی، جہاں طلبہ، اساتذہ اور علاقہ معتبرین نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ریلی کی قیادت علاقہ معتبرین نظیر احمد سلاچی نے کی۔شرکاء کا کہنا تھا کہ آج سے 79 برس قبل ہمارے بزرگوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آزادی کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دیں، انہی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ آزادی محض ایک دن منانے کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد کرنے، وطن سے وفاداری کا عہد کرنے اور آنے والی نسلوں کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانے کا موقع ہے۔طلبہ کو ریلی میں شامل کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ نئی نسل تحریکِ آزادی کی جدوجہد، اپنے اسلاف کی قربانیوں اور وطنِ عزیز کی اہمیت سے آگاہ ہو، کیونکہ آج کے یہی طلبہ کل پاکستان کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت، ہماری پہچان اور ہماری امید ہے۔ بلوچستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی مایوسیاں ختم کرکے انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست محبت، اتحاد اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے، اس لیے جشنِ آزادی بلوچستان کے چپے چپے میں اسی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے جس جذبے کے ساتھ ہمارے بزرگوں نے آزادی حاصل کی تھی۔ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد، فیلڈ مارشل سید منیر احمد زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔تلی گاؤں کے طلبہ، اساتذہ اور علاقہ معتبرین کی یہ ریلی اس عزم کا اظہار تھی کہ آزادی کی قدر، وطن سے محبت اور پاکستان کی ترقی کا جذبہ نئی نسل تک منتقل کیا جائے گا۔سبز ہلالی پرچموں کی بہار، قومی نعروں کی گونج اور نوجوانوں کے جوش نے تلی گاؤں کو حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے اور وطنِ عزیز ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرتا رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *