آزادی کی خوشی صرف رسمی تہوار منانے تک محدود نہیں، بلکہ یہ اپنے ملک، اپنے لوگوں اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل ہیں مشیر محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے لوگوں، ان کی صلاحیتوں اور ایک دوسرے کے لیے آگے بڑھنے کی سوچ میں ہے؛ یومِ آزادی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اس ملک کی ترقی میں ہر شہری کی جگہ اور ہر آواز کی اہمیت ہے اور قومی ترقی کا سفر اسی وقت بامقصد ہوسکتا ہے جب معاشرے کے تمام طبقات کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ اپنے ایک پیغام میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے پاکستانی قوم خصوصاً بلوچستان کے عوام کو 14 اگست، یومِ آزادی پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی خوشی صرف رسمی تہوار منانے تک محدود نہیں، بلکہ یہ اپنے ملک، اپنے لوگوں اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل سے جڑے احساس اور ذمہ داری کا نام ہے۔ پاکستان نے مختلف ادوار میں کئی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کیا، لیکن اس کے عوام نے ہر مرحلے پر اپنی محنت، حوصلے، عزم اور صلاحیت سے آگے بڑھنے کا راستہ بنایا اور ثابت کیا کہ مشکلات کے باوجود ترقی کی نئی راہیں تلاش کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے درمیان موجود زبان، ثقافت، روایات اور علاقائی رنگوں کے خوبصورت امتزاج کو منانے کا دن بھی ہے۔ اختلاف اور تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ وہ خوبی ہے جو پاکستان کو ایک منفرد شناخت دیتی ہے۔ باہمی احترام، برداشت، رواداری اور ایک دوسرے کے لیے جگہ پیدا کرکے ہم اپنے معاشرے کو زیادہ پرامن، مضبوط اور بہتر بنا سکتے ہیں۔ ہمیں اختلافات سے بالاتر ہوکر ان اقدار کو فروغ دینا ہوگا جو قومی یکجہتی اور اجتماعی ترقی کو مضبوط کرتی ہیں۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ آج پاکستان کی سب سے بڑی امید اس کی نوجوان نسل ہے، جو علم، جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی سوچ، تحقیق اور محنت کے ذریعے ملک کے لیے نئے امکانات پیدا کرسکتی ہے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ہنر اور آگے بڑھنے کا سازگار ماحول دینا دراصل پاکستان کے مستقبل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ آزادی ہم سے یہ تقاضا بھی کرتی ہے کہ ہم اپنے حقوق کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں، ایک دوسرے کا احترام کریں اور اپنے اپنے شعبوں میں ملک کی بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *