گدر میں مقامی آبادی پر بمباری نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے ایک جانب ملک بھر میں یومِ آزادی کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں ،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ویب ڈیسک)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد اور دیگر رہنماؤں نے سوراب کے علاقے گدر میں مقامی آبادی پر بمباری کے واقعے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی والے علاقوں میں بچوں خواتین اور دیگر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا نہایت افسوسناک قابلِ مذمت اور انسانی جانوں کے تحفظ کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں میں ایک جانب یومِ آزادی کی خوشیاں منائی جا رہی ہیں مگر دوسری جانب بدقسمت بلوچستان کے عوام اپنے ہی فورسز کے ہاتھوں اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہیں۔ آزادی کے جشن کے اس موقع پر بلوچستان میں انسانی جانوں کا ضیاع اور مقامی آبادی پر طاقت کا بے دریغ استعمال نہایت افسوسناک اور تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا بے دریغ اور غیر ضروری استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے عوام میں خوف و اضطراب اور احساسِ محرومی مزید بڑھتا ہے۔ ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ امن و امان کا قیام اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے نہ کہ ایسے اقدامات جن کے نتیجے میں بے گناہ شہری متاثر ہوں۔ رہنماؤں نے کہا کہ گدر بمباری کے واقعے کی اصل حقیقت سامنے لانا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کی فوری طور پر اعلیٰ سطحی غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل دادرسی اور مناسب ازالہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ پائیدار امن کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے طاقت کے بجائے ذمہ دارانہ آئینی و قانونی طریقہ کار اختیار کیا جانا چاہیے تاکہ عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کیا جاسکے اور بلوچستان کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی اور احساسِ محرومی کا ازالہ ممکن ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *