گوادر سیف سٹی منصوبہ، زیرِ زمین کیبلز اورپولز کی تنصیب مکمل سیف سٹی منصوبہ گوادر میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے سازگار ماحول بنائے گا

گوادر(این این آئی)حکومت بلوچستان نے گوادر سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر کے اہم، حساس اور مصروف مقامات پر جدید سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کے لیے زیرِ زمین کیبلنگ اور پولز کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا۔گوادر پرو کے مطابق منصوبے کے اگلے مرحلے میں جدید نگرانی کیمروں کی تنصیب شروع کی جائے گی۔3 ارب 32 کروڑ 56 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے جاری گوادر سیف سٹی منصوبہ حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور نے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون سے شروع کیا ہے اس سلسلے میں گوادر سیف سٹی منصوبے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف خان بریچ نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمن خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد بھی اس موقع پر موجود تھے ملاقات کے دوران سیف سٹی منصوبے کے ڈائریکٹر نے جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو منصوبے پر ہونے والی تازہ پیش رفت، جاری تعمیراتی کام اور آئندہ مراحل کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی سیف سٹی کمپلیکس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔ مرکزی کنٹرول سینٹر کی تکمیل کے بعد شہر کے مختلف مقامات پر نصب کیے جانے والے کیمروں کو مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے مرکزی نظام سے منسلک کیا جائیگا جس کے نتیجے میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گوادر میں 24 گھنٹے مؤثر نگرانی کا نظام قائم ہو جائے گا۔اس موقع پر جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمن خان نے کہا کہ گوادر پاکستان کے معاشی مستقبل کی علامت ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جہاں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی توجہ مرکوز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں شہریوں، سرمایہ کاروں، غیر ملکی ماہرین، کاروباری افراد اور سیاحوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے۔ معین الرحمن خان نے کہا کہ گوادر سیف سٹی منصوبہ نہ صرف شہر کے سکیورٹی انفراسٹرکچر کو جدید بنائے گا بلکہ گوادر میں سرمایہ کاری، تجارت اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل جی ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہے اور متعلقہ محکموں کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنا، 252.350 ملین روپیکی لاگت سے قائم پیری میٹرک سکیورٹی سسٹم کے ذریعے گوادر پورٹ، متعلقہ بنیادی ڈھانچے، گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA) کی عمارتوں، گوادر فری زون ساؤتھ اور گوادر فری زون نارتھ کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی گئی ہے۔ پیری میٹرک سکیورٹی سسٹم ایک کثیرالمقاصد جدید نظام ہے جو ممکنہ خطرات کی نشاندہی، نگرانی اور حملوں کے انداز کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کا مقصد گوادر پورٹ اور ملحقہ فری زون میں محفوظ اور پْرامن ماحول یقینی بنانا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *