وطن عزیز کی بنیادوں میں ہمارے اسلاف کا خون شامل ہے، ہزاروں لوگوں نے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کر کے ہمیں یہ عظیم تحفہ دیا،صوبائی وزیر میر صادق عمرانی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ آزادی رب العزت کی عطا کردہ ان عظیم نعمتوں میں سے ہے جس کے لیے پوری زندگی شکر ادا کیا جائے تو بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی بنیادوں میں ہمارے اسلاف کا خون شامل ہے۔ ہزاروں لوگوں نے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کر کے ہمیں یہ عظیم تحفہ دیا۔ آج ہم پر فرض ہے کہ ہم ملک و ملت کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں۔میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ آزادی کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی ہوگی کہ ہم پاکستان میں آئین، قانون، امن، انصاف اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے سنجیدہ کوشیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع افواج پاکستان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے جو دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ ہم اپنی دفاعی قوت کو مزید مضبوط اور ناقابل تسخیر بنائیں تاکہ بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کی معاشی ترقی، غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے پورے ملک اور خصوصاً بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک اور صوبے میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں میں موجودہ حکومت کا ساتھ دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *