Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300

کوئٹہ(این این آئی) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے مون سون بارشوں کے دوران صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کردیاہے۔ مون سون بارشوں کے دوران بجلی کی باقاعدہ اور مسلسل فراہمی کے لئے پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی) کیسکوکو خصوصی مانیٹرنگ سیل قراردے دیاگیاہے جو بجلی کی صورتحال کومانیٹر کرے گی۔اس دوران صوبے بھر میں کیسکو کے تمام شعبوں کو ہائی الرٹ رہنے کی بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مون سون بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی و ایمر جنسی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔اسکے علاوہ کیسکوایمرجنسی رسپانس ٹیمیںاین ڈی ایم اے ، پی ڈی ایم اے کی ہدایات کی بنیاد پر سیلاب سے متاثرہ علاقوںکی نشاندہی والے جگہوں میں سرکل اور ڈویژن کی سطح پر ہائی الرٹ رہیں گے ۔مون سون بارشوںکے دوران تمام ہسپتالوں ،واٹر سپلائی اسکیموں اور دیگر ضروری خدمات والے اداروںکو ترجیحی بنیادوںپر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ کیسکو کے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز نے اپنے متعلقہ سرکلز میں فوکل پرسنز نامزد کر دیے ہیں جو اپنے متعلقہ دفاتر میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ فوکل پرسنز بجلی کی فراہمی کی صورتحال، فیڈرز کی بندش یا کسی بھی تکنیکی خرابی اور بجلی بحالی کے سلے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کریں گے۔کیسکو انتظامیہ نے کوئٹہ، پشین، لورالائی، سبی، خضدار اور مکران آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ اپنے ماتحت ڈویژنز اور سب ڈویژنز کے افسران و عملے سے مسلسل رابطے میں رہنے کے علاوہ فیلڈ ٹیموں کی دستیابی یقینی بنائیں تاکہ مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی و ایمر جنسی کی صورت میں فوری طورپرنمٹاجاسکے۔اسکے علاوہ کیسکوکی جانب سے تمام آپریشن اسٹاف کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ اسی طرح گرڈ سسٹم آپریشن (GSO)، گرڈ سسٹم کنسٹرکشن (GSC) اور پی ڈی کنسٹرکشن کے شعبوں کے افسران و عملے کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹرانسمیشن اور گرڈ سسٹم سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ علاوہ ازیں تمام ریجنل اور فیلڈ اسٹورز کو بھی ضروری برقی سامان، ٹرانسفارمرز، کنڈکٹر، کھمبے اور دیگر برقی آلات کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی مقام پر ایمرجنسی کی صورت میں مرمتی کام میں تاخیر نہ ہو۔کیسکونے تمام آپریشنل افسران اور فیلڈ اسٹاف کو دورانِ ڈیوٹی حفاظتی پالیسی پربھی سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیںتاکہ کام کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔دریں اثناءکیسکو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، بجلی کی تاروں، برقی تنصیبات اور دیگر برقی آلات کو ہرگز ہاتھ نہ لگائیں کیونکہ نمی یا بارش کے باعث ان میں برقی رو سرایت کر سکتی ہے جو جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر کسی مقام پر بجلی کی تار ٹوٹی ہوئی نظر آئے یا کوئی برقی تنصیب خطرناک حالت میں دکھائی دے تو اس سے محفوظ فاصلہ اختیار کریں اور فوری طور پر متعلقہ کیسکو دفتر یا 118 پر اطلاع دیں۔