ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کی وینزویلا کی عبوری صدر سے ملاقات، صحت کے نظام کی بہتری میں تعاون کی یقین دہانی

کراکس ۔(انٹر نیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گیبریسس نےوینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگز سے ملاقات کی۔بنگلہ دیشی نیوز ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ وہ وینزویلا میں ادویات اور ویکسین کی مقامی تیاری اور صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں تعاون کرے گا۔ ملک کے ہسپتال طبی سامان کی قلت اور بنیادی ڈھانچے کی خستہ حالی کے باعث بحران کا شکار ہیں۔وینزویلا کے وزیر صحت کارلوس الوارادو نے صدارتی محل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے کسی ڈائریکٹر جنرل کا وینزویلا کا یہ پہلا دورہ ہے اور ان کی میزبانی پر انہیں بہت خوشی ہے۔

ڈبلیو ایچ او اور وینزویلا کے حکام نے اس تعاون کے لیے کسی مخصوص مالی معاونت یا سرمایہ کاری کی رقم کا اعلان نہیں کیا۔معزول صدر نکولس مادورو کے دور میں صحت سے متعلق اعداد و شمار پر اختلافات اور ملک میں صحت کے کسی بحران کو تسلیم نہ کرنے کے باعث عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعلقات کئی سال تک کشیدہ رہے۔ نکولس مادورو کو جنوری میں امریکی فوجی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعدامریکاکی حمایت یافتہ عبوری حکومت نے مختلف بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعلقات بحال کر لیے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے نمائندے جمعرات کو وینزویلا پہنچے تھے اور انہوں نے حکومتی حکام کے ہمراہ دارالحکومت کراکس میں ویکسین تیار کرنے والے ایک پلانٹ اور مختلف ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ویکسین کی مقامی تیاری میں تعاون کے علاوہ ڈبلیو ایچ او سائنسی تحقیق کے شعبے میں بھی اشتراک کرے گا۔حکام نے اعلان کیا ہے کہ علاقائی ادارے پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن (پی اے ایچ او) کے اشتراک سے آئندہ ہفتے سے قومی ویکسی نیشن پروگرام میں نئی ویکسین شامل کی جائیں گی جبکہ بعض سابقہ ویکسین بھی دوبارہ متعارف کرائی جائیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *