ٹیکس قوانین پر عملدرآمد ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے،بی آراے 

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے صوبے بھر کے تمام سروس فراہم کنندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اگر تاحال رجسٹرڈ نہیں ہیں تو فوری طور پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔اتھارٹی کے مطابق تمام رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان کیلئے لازم ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے ٹیکس گوشوارے بروقت جمع کرائیں، واجب الادا ٹیکس ادا کریں اور کاروباری لین دین سے متعلق انوائسز، ریٹرنز اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کو قانون کے مطابق محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر اس کی جانچ اور تصدیق کی جا سکے۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس قوانین کی تعمیل نہ صرف ایک قانونی ذمہ داری بلکہ ایک باشعور اور ذمہ دار شہری ہونے کا تقاضا بھی ہے۔ محصولات کی بروقت ادائیگی سے حاصل ہونے والے وسائل صوبے میں تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیے جاتے ہیں، جو بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔بی آر اے نے اس بات پر زور دیا کہ رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی سمیت تمام خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن بنا دیا گیا ہے تاکہ کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت، شفافیت اور آسانی فراہم کی جا سکے۔اتھارٹی نے تمام سروس فراہم کنندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ٹیکس نظام میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا حصہ ڈالیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *