منصور فاؤنڈیشن کی جانب سے ضلع لورالائی میں سینکڑوں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم

لورالائی (این این آئی) منصور فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر حسن اچکزئی کی خصوصی ہدایات اور سرپرستی میں ضلع لورالائی کے مستحق، نادار، یتیم، بیوہ، لاچار اور غریب خاندانوں میں راشن شفاف، منظم اور باعزت طریقے سے تقسیم کیا گیا۔ اس فلاحی اقدام سے بڑی تعداد میں مستحق خاندان مستفید ہوئے اور انہوں نے منور فاؤنڈیشن کی اس انسان دوست خدمت کو بے حد سراہا۔اس موقع پر منصور فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر مولانا مجیب الرحمن لونی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصور فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد معاشرے کے غریب، نادار اور بے سہارا افراد کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن رمضان المبارک، عیدین اور دیگر مواقع کے علاوہ بھی سال بھر مستحق خاندانوں کی امداد کے لیے مختلف فلاحی سرگرمیاں جاری رکھتی ہے تاکہ ضرورت مند افراد کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ راشن کی تقسیم مکمل شفافیت، دیانتداری اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی تاکہ امداد صرف حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔ منصور فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی اسی جذبہ خدمت کے ساتھ فلاحی منصوبے جاری رکھے گی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر مزید وسعت کے ساتھ جاری رہے گا۔راشن حاصل کرنے والے مستحق خاندانوں، بیوہ خواتین، یتیم بچوں اور بزرگ شہریوں نے منصور فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر حسن اچکزئی، ضلعی صدر مولانا مجیب الرحمن لونی اور تمام رضاکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل معاشی دور میں یہ امداد ان کے لیے بہت بڑا سہارا ثابت ہوئی ہے۔ مستحقین نے ہاتھ اٹھا کر منصور فاؤنڈیشن کی کامیابی، ترقی، مزید خدمتِ خلق اور تمام ذمہ داران کی صحت، خوشحالی اور درازی? عمر کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے منصور فاؤنڈیشن کی اس قابلِ تحسین کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی ادارے معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن ہیں۔ منور فاؤنڈیشن کی خدمات نہ صرف قابلِ تعریف ہیں بلکہ دیگر اداروں کے لیے بھی ایک بہترین مثال ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس نیک خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور تمام خدمت گزاروں کو اس کا بہترین اجر عطا فرمائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *