صوبے میں ہماری حکومت ہوتے ہوئے بھی ورکرز آج بھی اپنے جائز اور بنیادی حقوق سے محروم ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اشفاق شاہوانی

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اشفاق شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبے میں ہماری حکومت ہوتے ہوئے بھی ورکرز آج بھی اپنے جائز اور بنیادی حقوق سے محروم ہیں وزیراعلیٰ سمیت پارٹی کے وزراء،ایم پی ایز اور ایم این اے صرف اپنی ذات یا خاندان تک محدود ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں اشفاق شاہوانی نے کہا کہ صوبے میں ہزاروں کی تعداد میں ملازمتوں پر بھرتیاں ہوئی ہیں مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتاہے کہ پارٹی کے تعلیم یافتہ،ہونہار ورکر جیالے آج بھی روزگار سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی بحران کا شکار ہے پچھلے اڑھائی سال سے صوبائی تنظیم نامکمل ہے پارٹی صدر اور جنرل سیکرٹری خود کو بے اختیار ظاہر کرتے ہیں جس کی وجہ سے ورکرز میں مزید مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کام انتہائی سست روی کا شکار ہیں جبکہ امن و امان کے مسائل اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ سفر کیلئے قومی شاہراہیں محفوظ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ورکروں کے مسائل اورانکے جائز بنیادی حقوق فراہم کرنے میں عدم دلچسپی کا شکار ہیں جوکہ ایک بہت بڑا المیہ ہے ورکروں کے سیاسی حلقوں میں یہی ذکر ملتا ہے کہ کاش آج محترمہ بے نظیر بھٹو ذندہ ہوتی ہم اتنے لاچار اور بے بس نہیں ہوتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *