بلوچستان کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتلِ عام فوری طور پر بند کیا جائے، جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا معاشی قتلِ عام فوری طور پر بند کیا جائے۔ صوبے کی اہم قومی شاہراہوں پر تجارتی سامان سے لدی گاڑیوں کی مسلسل لوٹ مار، انہیں نذرِ آتش کیے جانے اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے کاروباری طبقے کو شدید مالی و معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کی مسلسل بندش تجارتی سرگرمیوں میں تعطل اور شاہراہوں پر عدم تحفظ کے باعث تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز پہلے ہی سخت مشکلات کا شکار ہیں جبکہ حالیہ افسوسناک واقعات نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس صورتحال سے صرف تاجر ہی متاثر نہیں ہو رہے بلکہ قومی شاہراہوں کے اطراف واقع پیٹرول پمپ مالکان، ہوٹلوں، ورکشاپس، چھوٹے کاروباروں اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے جس کے منفی اثرات صوبے کی مجموعی معیشت پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قومی شاہراہوں پر جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کریں متاثرہ افراد کے نقصانات کا فوری اور منصفانہ ازالہ کیا جائے اور بلوچستان میں تجارت، نقل و حمل اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مؤثرطسنجیدہ اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *