برآمدات بڑھا کر ہی ہم آئی ایم ایف سے جان چھڑا سکتے ہیں‘رانا تنویر حسین وزیر خزانہ پاکستان کے ریزرو بڑھانے کیلئے امریکہ سے 10ارب ڈالر لانے کیلئے کام کر رہے ہیں صرف ترسیلاتِ زر پر انحصار پائیدار معاشی ماڈل نہیں، ملکی برآمدات میں اضافے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی‘ وفاقی وزیر

لاہور(این این آئی)وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برآمدات بڑھا کر ہی ہم آئی ایم ایف سے جان چھڑا سکتے ہیں،امریکہ میں موجود وزیر خزانہ پاکستان کے ریزرو کو بڑھانے کے لئے دس ارب ڈالر لانے کیلئے کام کر رہے ہیں،برآمدات بڑھائے بغیر بغیر ہم مستحکم معاشی ماڈل کی طرف نہیں جا سکتے،اوورسیز پاکستانیوں نے 41 سے42ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائی ہیں مگر ہم ملک کو صرف اس کے ذریعے آگے نہیں بڑھا سکتے بلکہ ہمیں برآمدات کو بڑھانا ہوگا،زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنانے کے سفرپر گامزن ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپوسنٹر لاہور میں منعقدہ ایکسپوفیصل آباد 2026ء کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ اللہ تعالی نے اس ملک خداد اد کو تمام وسائل سے مالامال کیا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو مثبت طریقے سے بروئے کا ر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے، زرعی ترقی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے،ہمیں پیداوار میں اضافے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گاتاکہ ملک میں خوشحالی لائی جا سکے،حکومت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پر عزم اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا اس طرح کی ایکسپو کا انعقاد خوش آئندہے جس سے برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے برآمدات میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی معیشت مضبوط اور پائیدار بنانے میں برآمدات کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سالانہ تقریباً 41سے 42 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر کر رہے ہیں جو معیشت کے لیے اہم سہارا ہیں، تاہم صرف ترسیلاتِ زر پر انحصار پائیدار معاشی ماڈل نہیں، ملکی برآمدات میں اضافے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کے بغیر پاکستان پائیدار معاشی ترقی اور استحکام کی منزل حاصل نہیں کر سکتا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فوکس کیا ہوا ہے کس طرح ہم اپنی برآمدات بڑھا سکتے ہیں جس کے لیے وہ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کو کم کررہے ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں جن سے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ہمارا بزنس ہب ہے،ہم ایکسپورٹ میں ہمیشہ فیصل آباد کی جانب دیکھتے ہیں،17ارب ڈالر صرف ٹیکسٹائل سے آ تے ہیں، اس ایکسپو کا انعقادبہت اچھا اقدام ہے۔ہم آسان کاروبار کا بھی سسٹم لے کر آئے،ایچ آئی ایف سی کا ادارہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت نہ صرف ملکی صنعتی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے گی بلکہ پیداواری لاگت کم کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقتی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ا ن کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے پاکستان کو اپنی نوجوان نسل کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ دینا ہوگی تاکہ ہنرمند پاکستانی افرادی قوت بیرونِ ملک بھی بہتر مواقع حاصل کر سکے اور ملک کے لیے مزید زرمبادلہ کما سکے، جب تک ہماری برآمدات نہیں بڑھیں گی ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں جنگ اور عالمی حالات کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا،ہم پر بھی دباؤ ہے،ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا اور اسے آگے لے کر جانا ہے،حکومت آگے بڑھنے کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ 60ارب ڈالر تک اپنی برآمدات لے کر جائیں،پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے یہ بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی معاشی مسئلہ درپیش آتا ہے تو باہر لوگوں کی طرف دیکھتے ہیں اورآئی ایم ایف کی طرف چلے جاتے ہیں،اگر ہم خود کو مضبوط کرلیں تو یہ صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنانے کے سفرپر گامزن ہیں،پہلے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اب اسے معاشی قوت بنائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *