Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
حب(ویب ڈیسک)ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کا افتتاح کردیا۔حب میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا افتتاح ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے کیا۔ تقریب میں الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال، کمشنر لسبیلہ ڈویڑن سائرہ عطاء، ڈی آئی جی لسبیلہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر حب، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران، وکلاء، علاقائی عمائدین، سول سوسائٹی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسئن انجینئر ملک مسعود نے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس پر کام کا آغاز دسمبر 2023 میں کیا گیا تھا۔ پاک پی ڈبلیو ڈی کے محکمہ ختم ہونے کے بعد نومبر 2024 میں منصوبہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہینڈ اوور کیا گیا، اس وقت منصوبے کی آن گراؤنڈ فزیکل پروگریس تقریباً 40 فیصد تھی۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز نے کم بجٹ کے باوجود 18 ماہ کی مدت میں منصوبے کو مکمل کیا۔ منصوبہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی زیر نگرانی تقریباً 27 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا گیا، جبکہ منصوبے پر اب تک مجموعی طور پر 243.515 ملین روپے اخراجات آئے ہیں۔ منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 267.995 ملین روپے ہے، جبکہ بجلی، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید 24 ملین روپے کے کام باقی ہیں۔اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت گڈ گورننس پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے وڑن کے تحت شاندار عمارت کی تعمیر گڈ گورننس کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے منظور شدہ فنڈز شفافیت کے ساتھ اسی مقصد پر خرچ ہونے چاہئیں۔کمشنر سائرہ عطاء کا کہنا تھا کہ عوامی اداروں میں اس طرز کی سہولیات کی فراہمی دیگر اداروں کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کی عمارت اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے منصوبے کی تکمیل میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیم نے انجینئر عبدالویاب زہری کی نگرانی میں جانفشانی سے کام کیا اور منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر سیال نے کہا کہ ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی کی کوششوں سے بلوچستان میں چار اہم منصوبوں کی منظوری ہوئی، جن میں گوادر، حب، مستونگ اور جعفرآباد شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے 16 اضلاع میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر قائم کیے جاچکے ہیں۔علی اصغر سیال نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا بھی کلیدی کردار ہے۔ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الیکشن کمیشن کمپلیکس حب کی عمارت بلوچستان کی خوبصورت ترین اور ماڈل عمارتوں میں سے ایک ہے۔ کمپلیکس کے قیام سے شہریوں کو الیکشن کمیشن کی سہولیات اور خدمات کی فراہمی مزید آسان ہوگی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ شاہ محمد جتوئی نے تقریب میں سول سوسائٹی اور وکلاء کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ہائیکورٹ بار کے صدر رہ چکے ہیں اور وکلا برادری سے ان کا دیرینہ تعلق ہے۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کمپلیکس کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں عمارت میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور مختلف شعبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔