نوشکی میں کرفیو نافذ

بلوچستان [ویب ڈیسک]بلوچستان کے ضلع نوشکی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث 31 جولائی تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔بلوچستان میں موجودہ شورش میں نوشکی دوسرا ضلع ہے جہاں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق کرفیو منگل کی شب 8 بجے نافذ کر دیا گیا جو کہ 31 جولائی کی شب 8 بجے تک جاری رہے گا۔نوٹیفیکشن کے مطابق کوئی بھی شخص مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت یا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بغیر اپنے گھر سے باہر نہیں نکل سکے گا اور نہ ہی ضلع نوشکی کی حدود میں نقل و حرکت کر سکے گا۔کرفیو کے دوران ہر قسم کی عوامی نقل و حرکت، اجتماعات، جلوس اور غیر ضروری سفر پر مکمل پابندی ہو گی۔ڈپٹی کمشنر نوشکی، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشاورت کے بعد، سرکاری فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکاروں، ہنگامی طبی خدمات، ریسکیو سروسز، یوٹیلٹی سروس فراہم کرنے والے اداروں اور عوامی مفاد میں ضروری قرار دیے جانے والے دیگر افراد یا طبقات کو کرفیو سے استثنیٰ دینے کے مجاز ہوں گے۔تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے اور اس کے نفاذ کے لیے قانون کے مطابق تمام ضروری اقدامات کریں گے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خیال رہے نوشکی کا شمار بلوچستان کے شورش زدہ علاقوں میں ہوتا ہے۔ نوشکی سے قبل ضلع مستونگ کی سب تحصیل کھڈکوچہ میں بھی کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *