ٹرمپ نے ’سفارت کاری کو موقع دینے کے لیے‘ مسلسل دوسری رات ایران پر حملوں کو روکا ہوا ہے: مائیک والٹز

امریکہ انٹرنیشنل ڈیسک ،اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سفارتی کوششوں کو مزید وقت دینے کے لیے مسلسل دوسری رات ایران پر حملوں کا سلسلہ روکا ہوا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مائیک والٹز نے کہا کہ صدر ٹرمپ مذاکرات کو موقع دینا چاہتے ہیں اور اس عمل کے لیے مزید وقت دے رہے ہیں۔دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ تہران نے بھی اس کارروائی کے جواب میں خطے میں اپنے جوابی حملے روک دیے ہیں۔یہ پیش رفت تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے والے امریکی حملوں اور دونوں جانب سے جوابی کارروائیوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ان جھڑپوں کے باعث جون میں ہونے والی جنگ بندی عملاً ختم ہو گئی تھی۔این بی سی سے گفتگو میں جب والٹز سے پوچھا گیا کہ کیا ٹرمپ نے کشیدگی بڑھانے کا امکان مسترد کر دیا ہے تو انھوں نے کہا کہ ’مجھے ایسا نہیں لگتا۔ صدر نے تمام آپشنز کھلے رکھے ہیں۔مائیک والٹز نے نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کو بھی مسترد کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بعض امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر یہ تنازع مزید پھیلا تو امریکہ کے فضائی دفاعی ہتھیاروں کے ذخائر متاثر ہو سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کے پاس اس کارروائی کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے درکار تمام وسائل موجود ہیں۔اتوار کی شام تک صدر ٹرمپ نے تازہ پیش رفت پر کوئی عوامی بیان نہیں دیا تھا۔تاہم اس سے چند گھنٹے قبل انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اے آئی سے تیار کردہ تصاویر شیئر کی تھیں جن میں امریکی فوجی طیارے کو ایرانی بحری جہازوں پر بمباری کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *