Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
Physical Address
Office NO. 3, Floor 1, Arshad Durrani Building, Alamdar Road.
Quetta, Balochistan | 87300
کوئٹہ(ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک روزہ دورہ کوئٹہ کے دوران صوبے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور باہمی تعاون سے متعلق اہم ملاقاتیں کیں۔ دورے کا مقصد بلوچستان کی سیاسی قیادت اور پارلیمنٹیرینز سے رابطوں کو مزید مضبوط بنانا اور صوبے کے مسائل و ترجیحات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ کوئٹہ آمد پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزراء اور ارکان صوبائی اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ون آن ون ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی معاملات اور صوبے کو درپیش مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ گورنر بلوچستان نے انہیں صوبے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔ دورہ کوئٹہ کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے گورنر ہاؤس میں پارلیمنٹیرینز، سیاسی رہنماؤں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر عہدیداران اور کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر پارٹی عہدیداران اور کارکنوں نے مختلف امور سے متعلق سوالات کیے جن کے سردار ایاز صادق نے تفصیلی جوابات دیے اور پارلیمانی و سیاسی معاملات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں سردار ایاز صادق نے اپنے دورے کے دوران بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کے جواں سال صاحبزادے ثناء اللہ اچکزئی کے انتقال پر بلوچستان صوبائی اسمبلی اسپیکر چیمبر میں تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجاتِ بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی صوبائی وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی رہائشگاہ بھی گئے جہاں انہوں نے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت اور غمرازی کیا۔ انہوں نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور اہلِ خانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا دورہ کوئٹہ سیاسی و پارلیمانی قیادت کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم کرنے اور بلوچستان کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔